منی لانڈرنگ کیلئے 12 کروڑ سے زائد رقم منتقل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار 4ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے چاروں ملزمان کا بیان ریکارڈ کرکے سیل کر دیا ، وکلا نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایف آئی اے پر 67 لاکھ روپے کی خورد برد کا الزام عائد کر دیا ، رقم کی برآمدگی کیلئے درخواست دائر کی جائے گی ۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کے تفتیشی آفیسر نے 12 کروڑ53لاکھ 7ہزار 190 کی رقم منی لانڈرنگ کے لئے منتقل کرنے کے دوران گرفتار ہونے والے چار ملزمان وکی بٹ ، انس ، مدثر اور محمد افضل کو ہتھکڑیاں لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کا سیکشن 164کا بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست دی ۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بند کمرہ عدالت میں ملزمان نے علیحدہ علیحدہ ریکارڈ کروائے گئے بیانا ت میں اس امر کا اعتراف کر لیا کہ وہ رقم منی لانڈرنگ کے لئے منتقل کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے ، وہ ایک ہفتہ کے دوران تین مرتبہ رقم لاہور سے گجرات لیکر جاتے تھے ، وہ ایک کمپنی میں کام کرتے تھے ۔ عدالت نے چاروں ملزمان کا بیان ریکارڈ کر کے سر بمہر کر دیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسی مقدمہ میں ایف آئی اے کی درخواست پر ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا اس دوران کمپنی کیجانب سے وکلا مجسٹریٹ کے روبروپیش ہوئے اور بتایا کہ ایف آئی اے نے 12کروڑ سے زائد رقم کی ظاہر کی ، وکلا نے الزام لگایا کہ رقم زیادہ تھی 67 لاکھ خورد برد کر لئے گئے جس کیلئے وہ علیحدہ درخواست دائر کریں گے ۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments