گو جرانوالہ روڈ پر پھینکا جانیوالا کوڑا کر کٹ وبال جان

حافظ آباد(نامہ نگار )مرکزی شاہراہ گوجرانوالہ روڈ پر نہروں کے قریب پھینکے جانیوالے کوڑا کرکٹ اور کچرے سے اُٹھنے والی بدبو نے سانس لینا مشکل بنا دیا ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ سیلاب میں چک چٹھہ کے قریب نہر کا بند ٹوٹنے سے سڑک کے دونوں اطراف کھائی نما گڑھے پڑ گئے تھے جو ٹریفک کیلئے سنگین مسائل کا باعث تھے ۔ موجودہ ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا نے مذکورہ گڑھوں کو پر کرنے کیلئے میونسپل کمیٹی کوہدا یت کی کہ شہر بھر سے جمع ہونے والا کوڑا کرکٹ اور کچرا وہاں پھینکا جائے جس پر میونسپل کمیٹی کی ٹریکٹر ٹرالیاں وہاں کچرا پھینک رہی ہیں۔ یہ مقام گوجرانوالہ روڈ کے ساتھ واقع ہونے سے آنے جانے والوں کو بدبو، تعفن کے باعث سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ اورموٹروے سے آنے جانے والی ٹریفک کے دباؤ کے باعث مذکورہ مقام پر حادثات کے خطرات در پیش رہتے ہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرا پھینکنے کے بعد ساتھ ساتھ اس پر مٹی ڈالی جاتی رہے تو بدبو کا خاتمہ ہو جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں