نادرا سنٹروں کی نگرانی، سائلین کو کونسی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا؟ جان لیں

ضلع کے میگا نادرا سنٹر سمیت 10 نادرا سنٹرو ں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا گیا اور سائلین کو بیٹھنے کیلئے سیٹیں ،پینے کے صاف پانی ،پنکھے اور دیگر انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ، نادرا کے اعلیٰ افسر وں پر مشتمل ٹیمیں اچانک نادرا دفاتر کا دورہ کرکے عوامی شکایات اور افسر وں کے رویوں کا جائزہ لیں گے غفلت کے مرتکب افسر وں کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا ۔چیئرمین نادرا پاکستان کی ہدا یت پر نادراحکام نے باقاعدہ کام شروع کردیا ۔ذرائع کے مطابق ضلع گوجرانوالہ میں 51 لاکھ شہریوں کیلئے میگا سنٹر سمیت صرف10 نادرا سنٹر قائم ہیں جہاں ڈبل شفٹ ختم ہونے سے شہریوں کی بڑی تعداد شناختی کارڈ اورب فارم کے حصول اور تجدید ،اجرا کیلئے خوار ہورہی ہے ، لمبی قطاروں میں کئی گھنٹے کھڑا رہنے کے باوجود مایوس ہوکر واپس لوٹنے پر مجبور ہیں جبکہ خواتین کے مخصوص دن پر بعض خواتین شناختی کارڈ اور ب فارم کے حصول کیلئے بچوں کو بھی ہمراہ لے آتی ہیں، صبح6 بجے نادرا دفاتر پہنچنے کے باوجود ٹوکن نہ ملنے سے خواتین کی اکثریت نادرا انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن چکی ہے ، نادرا دفاتر کے باہر بیٹھنے کیلئے مناسب انتظام اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔ عوامی شکایات میں اضافہ پر چیئرمین نادرا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گوجرانوالہ کے تمام سنٹروں سمیت دیگر اضلاع میں نادرا دفاتر میں انتظامات مکمل کرنے کی ہدا یت کرتے ہوئے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اورناانصافی کے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں