مختلف علاقوں میں شاہراہ عام پر گیٹ لگا کر راستے بند , رات کو تالے , غیر قانونی اقدام سے لوگوں کو مشکلات

شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے شاہراہ عام پر آہنی گیٹ لگا کر راستے بند کرلئے ۔ ضلعی انتظامیہ، جی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن کو درخواستیں دینے کے باوجود ان غیرقانونی گیٹوں کو نہیں ہٹایا جارہا ۔ تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے علاقوں ماڈل ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن، ڈی سی روڈ، گل روڈ، پاپولرنرسری، پیپلز کالونی، جناح روڈ وغیرہ میں بیسیوں مقامات پر شہریوں نے شاہراہ عام پر ازخودآہنی گیٹ لگادئیے ہیں جس سے لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ گیٹ لگانے کیلئے کسی ادارے سے باقاعدہ منظوری حاصل نہیں کی جاتی اور علاقے کے ہی کچھ لوگ پیسے اکٹھے کرکے گیٹ لگوا دیتے ہیں جہاں سے گاڑیاں نہیں گزر سکتیں جبکہ رات کے وقت تالے لگا دیئے جاتے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی اقدام ہے ، کوئی بھی شخص شاہراہ عام پر اگر رکاوٹ پیدا کرے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے ۔ دوسری طرف گیٹ لگانے والوں کاکہنا ہے کہ انہوں نے امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث مجبوری کے تحت گیٹ لگوائے ہیں جبکہ بے ہنگم ٹریفک گیٹ لگوانے کا دوسرا بڑا سبب ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں