تجاوزات کی بھرمار سے جی ٹی روڈ سکڑ گیا۔ رہی سہی کسر غیر قانونی پارکنگ اور رکشوں کے اڈوں نے پوری کر دی۔ میئر کے واضح احکامات کے باوجود عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ جی ٹی روڈ پر تجاوزات کی بھرمار ہے ، جگہ جگہ ریڑھیاں وخوانچہ فروشوں کے ڈیرے قائم ہونے سے شاہراہ سکڑ کر رہ گئی ہے اور جی ٹی روڈ پر پنڈی بائی پاس تا نگار موڑ مالیاتی اداروں کے باہر بیسیوں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز قائم ہیں۔ رہی سہی کسر جگہ جگہ موٹر سائیکل و دیگر رکشوں کے غیر قانونی اڈوں نے نکال دی ۔ فلائی اوور کے نیچے ،سیالکوٹی ریلوے پھاٹک،گوندلانوالہ ریلوے پھاٹک،شیرانوالہ ریلوے پھاٹک کے گردونواح جگہ جگہ موٹر سائیکل رکشوں کے غیر قانونی اڈے قائم ہیں جس سے جی ٹی روڈ سے ملحقہ کاروباری مراکز اور ریلوے پھاٹک والی شاہراہوں پر ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے۔
تاجروں کا کہناہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ و رکشہ سٹینڈوں سے جی ٹی روڈ پر کاروبار تباہ ہو کررہ گیا ہے ،ہمارے گاہک اپنی گاڑیوں کی محفوظ پارکنگ نہ ہونے کے باعث دوسرے شہروں کا رخ کر رہے ہیں جبکہ اندورن شہر جانے کیلئے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے ۔دوسری طرف کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشن ہو رہا ہے سڑکوں کے دونوں اطراف پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن سے سڑکیں کھلی ہو گئی ہیں ۔
Load/Hide Comments