دن بھر میں محض 20 منٹ کی تیز چہل قدمی قبل از وقت موت کا خطرہ لگ بھگ ایک تہائی حد تک کم کردیتی ہے۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ورزش سے دوری موٹاپے کی شکل میں موت کا خطرہ دوگنا بڑھا دیتی ہے خاص طور پر ہر وقت بیٹھے رہنے والے افراد میں دل کے دورے اور فالج کے ساتھ ساتھ کچھ اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خدشہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
تاہم تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار کے ساتھ روزانہ 20 منٹ کی چہل قدمی یا سائیکل کو چلانا اس خطرے سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ معمولی سی سرگرمی قبل از وقت موت کا خطرہ 16 سے تیس فیصد تک کم کردیتی ہے۔
اسی طرح تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ روزانہ جسمانی سرگرمیوں میں معمولی اضافہ جیسے سیڑھیاں چڑھنا وغیرہ بھی صحت کے لیے متعدد فوائد کا باعث بنتا ہے۔
تحقیقی ٹیم کے قائد پروفیسر اولف ایکلینڈ کے مطابق روزانہ کچھ وقت جسمانی سرگرمیوں کے لیے نکالیں اور صحت پر اس کے اثرات دیکھ کر آپ خود حیران رہ جائیں گے، جسمانی سرگرمیاں ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہونا چاہئے۔
Load/Hide Comments