گوجرانوالہ: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب گوجرانوالہ کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی/واساشیخ عامر رحمان کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا، پلیٹ فارم پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات اور صفائی انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے میاں ارقم خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین جی ڈی اے نے پارلیمانی سیکرٹری کو دورہ کے دوران ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر فرخ حبیب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ایک عام آدمی کی سواری ہے اس کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ماضی کی حکومتیں 37 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئی ہیں، جس طریقہ سے ریلوے پر توجہ دی جانی تھی وہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت کے دور میں پچھلے چھ ماہ میں ریلوے کی آمدن میں دو ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے چھ ماہ میں پورے پاکستان کے اندر 20ٹرینیں چلائی گئی ہیں اور بہت جلد فریٹ ٹرین سروس بھی شروع ہو جائے گی جبکہ حکومت کی جانب سے بزرگ افراد کے لیے ریلوے کاسفر فری ہے۔بعدازاں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے چیئرمین جی ڈی اے کے ہمراہ اروپ میں مقامی سکول کی سالانہ تقریب میں بھی شرکت کی جبکہ پوزیشن ہولڈر طلباءوطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
Load/Hide Comments