گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور آج اہم دورہ پر گوجرانوالہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مصروف دن گزاریں گے۔ گورنر پنجاب اپنا دورہ وزیر آباد میں ایک کالج کی تقریب میں شرکت سے شروع کریں گے جس کے بعد وہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پولیس لائنز اور سپر ایشیاء انڈسٹریز کا دورہ بھی کریں گے۔ اس دورہ کے دوران وہ احمد چٹھہ، چوہدری صدیق مہر، علی اشرف مغل، لالااسد اللّٰہ، رانا نعیم الرحمن، چیئرمین جی ڈی اے عامر رحمان، چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید، چیئرمین سی ایم شکایات سیل خالد عزیز لون سمیت شہر بھر کے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔
گورنر پنجاب حافط آباد روڈ پر ٹینکی والی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں ان کا دورہ اہم ترین سمجھا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے مطابق چوہدری سرور کی جانب سے یونیورسٹی اور ہسپتال سمیت دیگر اہم منصوبوں کے اعلانات بھی متوقع ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے چند رہنماؤں کی جانب سے گورنر پنجاب کے قافلے کے سامنے احتجاج بھی متوقع ہے۔
Load/Hide Comments