ترین کا سرکاری اجلاسوں میں بیٹھنا عدالتی فیصلے کی توہین ‘ نوازشریف نااہل ہوں تو معیار اور ہوتا ہے ‘ کاش ایسی قیادت ملے جو سمت درست کرے ‘ وزیر خارجہ صرف عمران خان کو جوابدہ ہو ں ،آخری سانس تک ساتھ دونگا : ترین ‘پارٹی کیلئے جہانگیر کی خدمات بے شمار ‘وہ الیکشن سے باہر ہو ئے دلوں سے نہیں :وزرا
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی، اس میں وزرا بھی شامل ہو گئے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین کو سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس سے اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ پر یس کانفرنس میں گورنر پنجاب چودھری سرور بھی مو جو د تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جہانگیر ترین آپ سرکاری میٹنگز میں بیٹھ کر اپوزیشن کو باتیں کرنے کا موقع دے رہے ہیں ،جب آپ میٹنگ میں بیٹھتے ہیں توآپ چیف جسٹس کے فیصلے کی تضحیک کرتے ہیں کیونکہ چیف جسٹس آپ کے بارے میں آنے والے فیصلے کے بینچ میں شریک تھے ۔اجلاس کے بعدوزرا باہر آکر میٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہیں، رول آف بزنس کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا میری جہانگیر ترین سے گزارش ہے کہ ایسا نہ کریں کہ جس سے انگلیاں اٹھیں ۔وزیرخارجہ نے کہا ان کی حکومتی اجلاس میں شرکت کو پارٹی کا کارکن ذہنی طور پر قبول نہیں کر پارہا ۔انہوں نے کہا میں ان سے کہونگا کہ میرے بھائی جب آپ حکومتی اجلاس میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو پریس کانفرنس کا موقع ملتا ہے اور مسلم لیگ (ن) سوال اٹھاتی ہے کہ یہ توہین عدالت نہیں تو کیا ہے؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل62 ون ایف کے تحت عمر بھر کیلئے نااہل قرار دیا تھا ا ور اگر وہ پارٹی کے کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوتے تو پھر جہانگیر ترین کو بھی عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے ، جہانگیر ترین پس پردہ رہتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنمائی کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا حکمران اتحاد میں شامل جو افراد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں کہہ رہے ہیں وہ حکومت کو غلط مشورہ دے رہے ہیں، اس ادارے کا نام تبدیل کرنے کی نہیں بلکہ کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا پاکستانی قوم باصلاحیت ہے ، کاش ہمیں ایسی قیادت مل جائے جو اس قوم کی سمت درست کردے ، اب یہ سمت درست کرنے اور نیا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا نئے پاکستان کی سوچ بدلی ہوئی ہے ، آج اس ملک کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے ، اس ملک کا مستقبل محفوظ ہے ۔انہوں نے کہا آج دنیا بدلتا ہوا پاکستان دیکھ رہی ہے اور اگر کسی کو شک تھا تو پاکستانی حکومت کے حکم پر پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا جواب دیکر یہ پیغام دیدیا کہ یہ پرانا پاکستان نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی کے بیان پر جہانگیر ترین نے رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہامیں جہاں بھی جاتا ہوں وزیر اعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں۔ جہانگیر ترین نے کہا سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف اور صرف وزیر اعظم کو جوابدہ ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی خدمت میرا حق ہے ، اس حق کو شاہ محمود سمیت کوئی بھی مجھ سے چھین نہیں سکتا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر جہانگیر ترین نے اپنے ردعمل میں کہا جہاں بھی جاتا ہوں عمران خان کی مرضی اور خواہش سے جاتا ہوں، مجھے پاکستان کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔جہانگیر ترین نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ بھی کیا اور کہا کہ صرف ایک ہی شخص ہے جسے اپنا لیڈر تصور کرتا ہوں اور اسی کو جوابدہ ہوں، اس کا نام عمران خان ہے ۔جہانگیر ترین نے کہا اپنی آخری سانس تک عمران خان کے ہر مشکل اور اچھے وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، دوسرے اس حوالے سے کیا کہتے ہیں اس سے مجھے کوئی غرض نہیں۔ادھر وزرا بھی جہانگیر ترین کی حمایت میں سامنے آگئے ۔وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا آج تحریک انصاف اگر حکومت میں ہے تو اس میں ایک بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے ، ٹویٹ میں کہا کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت وزیراعظم کی خواہش پر ہوتی ہے ۔ اکابرین کو وزیراعظم کی خواہش کا احترام کرنا چاہیے۔
جہانگیر ترین کیخلاف عدالتی فیصلہ بدقسمتی تھی وہ انتخابات سے باہر ہوئے لیکن پی ٹی آئی کے ورکرز کے دلوں سے نہیں۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے ٹویٹ میں کہا جہانگیر ترین کابینہ ارکان کی خواہش پر اجلاس میں شرکت کرتے ہیں، وہ سینئر ساتھی ہیں اور ہم ان سے سیکھ سکتے ہیں، وزیراعظم ہمارے لیڈر ہیں اور ہم انہی سے ہدایات لیتے ہیں۔وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور خان جھگڑا نے بھی جہانگیر ترین کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا جہانگیر ترین نے پارٹی کیلئے بہت کچھ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چودھری نے کہا بطور سیاسی کارکن جہانگیر ترین سے بہت کچھ سیکھا، ان کی ملک اور پارٹی کیلئے لازوال خدمات ہیں، اجلاسوں میں جہانگیر ترین کی شرکت سے فائدہ ہوتا ہے ۔پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیے ، ان کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جہانگیر ترین نے جدوجہد کے عمل میں پارٹی کیلئے انتھک محنت کی،جہانگیر ترین وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاسوں میں عمران خان کی مرضی سے شریک ہوتے ہیں۔ جہانگیر ترین ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور اس کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
وزیر دفاع پرویزخٹک نے ٹویٹ کیا کہ پارٹی کیلئے جہانگیرترین نے بہت کام کیا،جہانگیرترین پارٹی کارکنوں کے دلوں میں رہتے ہیں،پارٹی میں ہرکوئی عمران خان کوجوابدہ ہے ۔وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے تمام ارکان پاکستان کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں ، معاشی اور اقتصادی ترقی ہمارا واحد مقصد ہے ۔ تحریک انصاف کی ترقی کے پیچھے جہانگیر ترین کا اہم کردار ہے ،جس کو نظرا نداز نہیں کیاجاسکتا ۔ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے ہم جہانگیر ترین کی خدمات حاصل کرتے رہیں گے ، پارٹی کیلئے جہانگیر ترین کی خدمات قابل تحسین ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا شاہ محمود قریشی سمیت ہم سب کے دلوں میں جہانگیر خان ترین کی بہت قدر ہے ، نااہلی کے فیصلہ کے باوجود جہانگیر ترین اپنا زیادہ وقت پارٹی کو دیتے ہیں۔جہانگیر ترین نے ثابت کیا کہ پاکستان کی خدمت پارلیمنٹ سے باہر رہ کر بھی کی جا سکتی ہے ۔
Load/Hide Comments