یموں گرمیوں میں اپنے عرق یا جوس کی بدولت پاکستان یا اس جیسے دیگر ممالک میں بہت زیادہ استعمال ہونے والا پھل ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی یہ کیا کرشمے دکھا سکتا ہے؟
درحقیقت یہ ترش پھل آپ کو صحت مند، خوبصورت، صفائی اور اچھا باورچی (یقیناً) بنا سکتا ہے۔
تو لیموں کے چند ایسے ہی حیرت انگیز فوائد جانے جو آپ کو دنگ کر کے رکھ دیں گے۔
فریج میں بساند دور کرے
فریج میں بس جانے والی بو کو ختم کرنے کے لیے لیموں کا عرق سے کسی روئی یا اسفنج کو بھگوئیں اور اسے کچھ گھنٹوں کے لیے فریج کے اندر چھوڑ دیں۔ اس دوران یہ بات یقینی بنائیں کہ کوئی بو پیدا کرنے والی چیز فریج میں نہ ہو۔
المونیم کے برتنوں کو چمکائیں
اپنی بدنما پتیلیوں اور برتنوں کو اندر اور باہر سے چمکانا چاہتے ہیں؟ تو لیموں کو آدھا کاٹ کر اسے برتن پر ہر جگہ رگڑیں اور پھر کسی نرم کپڑے سے پونچھ دیں۔
کیڑوں کو کچن سے دور رکھیں
آپ کو مہنگے اسپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کو کچن سے دور رکھ سکے۔ سب سے پہلے تو لیموں کا عرق کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں، اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس عرق کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔ لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے، سب سے پہلے چار لیموں کا عرق چھلکوں سمیت 2 لیٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھولیں اور پھر آپ خود لال بیگوں کووہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گے کیونکہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے۔
مائیکرو ویو کی صفائی
مائیکرو ویو کے اندر اکثر چکنائی اور دیگر چیزیں جم جاتی ہیں اور ان کی صفائی اگر کھرچے یا کسی تیز کلینر سے نہ کرنا چاہے تو تین چائے کے چمچ لیموں کے عرق کو ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کرکے کسی مائیکرو ویو میں رکھے جانے والے ڈونگے میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مائیکرو ویو کو 5 سے 10 منٹ تک چلائیں جس سے پیدا ہونے والا دھواں اندرونی دیواروں اور چھت میں جذب ہوجائے گا جس کے بعد جم جانے والی چکنائی یا دیگر دیگر نرم ہوجائیں گے جنھیں صاف کرلیں۔
چھائیوں کو دور کریں
جب آپ کے پاس لیموں کا عرق ہے تو مہنگی کریموں کو کیوں خریدتے ہیں؟ چہرے یا جسم پر چھائیاں پڑجانے پر لیموں کے عرق کو براہ راست متاثرہ حصے پر لگا کر 15 منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں۔ یہ جلد کو جگمگانے والا ایک محفوظ اور موثر پھل ہے۔
چہرے کی صفائی
آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے۔
بالوں کی خشکی سے نجات
اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کررکھا ہے تو اس سے ریلیف کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا عرق ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھولیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہوجائے۔
خراشوں سے ریلیف
چھوٹی خراشیں آجانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا عرق ڈالیں یا روئی کو عرق میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔
مسوں سے نجات
اگر آپ نے مسوں سے نجات کے لیے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے عرق کو براہ راست اس جگہ پر لگائیں۔ اس عمل کو کئی دن تک دہرائیں جب تک لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل نہ کردیں۔
کپڑوں کو بلیچ کرنا
گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں، کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا جوس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں۔
کپڑوں کی سفیدی
اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا عرق کپڑے دھونے والے پانی میں ملادیں، آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جبکہ ان میں لیموں کی خوشبو میں بس جائے گی۔
سنگ مرمر کی صفائی
سنگ مرمرکے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کے لیے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا عرق ڈال دیں، اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر پھر سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں، اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔
فرنیچر پالش
اپنے گھر کے فرنیچر کے لیے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے، بس لیموں سے عرق نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں ہلانے کے بعد اس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں، آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
پانی کے دھبوں کی صفائی
پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں، جس کی صفائی کے لیے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑے، اس عمل کے بعد چمکنے لگیں گے اور بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔