بیٹے کو پتنگ بازی سے منع کرنے کی پاداش میں13سالہ لڑکے کو برہنہ کر کے سرعام تشدد کرنے کا معاملہ ، پولیس نے پیٹی بھائی ملزم کانسٹیبل کو بچانے کے لئے قابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے جرم قابل ضمانت ہونے کی وجہ سے ملزم کانسٹیبل ندیم کی ضمانت منظور کر لی ، 50ہزار کے مچلکے کے عوض ملزم کی ہتھکڑیاں کھول کر آزاد کر دیا گیا۔
23مارچ کو تھانہ سول لائنز کے علاقہ مصطفی کالونی میں کانسٹیبل ملک ندیم نے اپنے بیٹے کو پتنگ بازی سے منع کرنے والے 13 سالہ پڑوسی لڑکے حماد کو برہنہ کر کے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس نے ملزم کانسٹیبل ندیم کو میڈیا سے بچانے کے لئے عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر حسین مرل کی عدالت میں پیش کر کے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی درخواست دی ، ملزم کے وکیل نے پولیس کی درخواست مسترد کرنے بارے دلائل دئیے اور مجسٹریٹ کو بتایا کہ ملزم کے خلاف عائد کی گئی دونوں دفعات قابل ضمانت ہیں ۔قانونی ماہرین ملک احمد حسین ، نعیم اقبال اعوان ، رانا وقاص حسن ، سید عمران حیدر ، چوہدری کوثر حسین سندرانہ سمیت دیگر وکلا نے جی نیوز کو بتایا کہ ملزم نے انتہائی شرمناک فعل کیا ، ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات عائد کی جانی چا ہیے تھیں ۔
Load/Hide Comments