گفٹ یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن/میڈیا اسٹڈیز کے طلباوطالبات کی جانب سے یونیورسٹی میں میگزین پراجیکٹس کی رنگارنگ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ جس بی ایس اور ماسٹرز ڈگری میں زیر تعلیم طلباوطالبات کے مختلف گروپس نے انتہائی محنت اور لگن سے بنائے گئے 12 میگزین کو نمائش کیلئے پیش کیا۔
نمائش کا افتتاح چیئرمین گفٹ یونیورسٹی انور ڈار نے کیا اور طلبہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کے ہمراہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈیمکس ہدائیت اللّٰہ، رجسٹرار گفٹ یونیورسٹی وسیم اللّٰہ ڈار صدر گوجرانوالہ پریس کلب حافظ شاہد منیر بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ طلبہ کی جانب سے بنائے گئے تمام میگزین مارکیٹ میں دستیاب کسی بھی میگزین سے کم نہیں ہے۔
اس موقع پر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ طاہر ملک نے پراجیکٹس کے سپروائزر کاشف خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اسٹڈیز کی یہ خاصیت ہے کہ طلبہ و طالبات کو عملی صحافت سے روشناس کروانے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ پریکٹیکل ورک کروایا جاتا ہے تاکہ انہیں فیلڈ میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پراجیکٹس سپروائزر و لیکچرار کاشف خورشید نے نمائش کا دورہ کرنے والے مہمانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ان پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے طلبہ نے پورا سمیسٹر محنت کی ہے اور کمرشل میگزین کی ٹیم کی طرح ان میگزین کیلئے بھی طلبہ نے مختلف کمپنیز سے اشتہارات اکٹھے کئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میگزین بنانے کے بعد طلبہ اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے بعد اس قابل ہوچکے ہیں کہ وہ آسانی سے اپنا میگزین شروع کرکے مارکیٹ میں موجود دیگر میگزینز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
نمائش میں میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے لیکچرارز وقاص محمود، انیلہ عابد، فیکلٹی ممبران، سٹاف اور یونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی۔