گوجرانوالہ: شمس آباد میں 200گھروں کومسمارکرنے کامنصوبہ ملتوی، مکمل تفصیلات جان لیں

نیب فیصلے کیخلاف ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر احتجاج کے بعدآپریشن روکنے کافیصلہ ہوا:ذرائع

شمس آباد کے علاقہ میں سالہا سال سے رہائش پذیر 200 افراد کے گھروں کو مسمار کرنے کا منصوبہ ملتوی کر دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ نیب کی زیر نگرانی میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ دنوں چڑیا گھر کی اراضی پر قائم غیر قانونی فیکٹریوں کو مسمار کر دیا تھا جس کے بعد 200 گھرانوں کو مسمار کیا جانا تھا تاہم نیب کے اس فیصلے کیخلاف خواتین اور بزرگوں نے ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر شدید احتجاج کیا ،اس دوران انہوں نے بتایا کہ وہ لوگ جن گھرانوں میں سالہا سال سے رہائش پذیر ہیں وہ 2 مرلہ، 3 مرلہ اور 5 مرلہ پر مشتمل ہیں ،محکمہ ریونیو سے انہوں نے باقاعدہ طور پر رجسٹریاں بھی کروائی ہیں لیکن اسکے باوجود محکمہ ریونیو کے ملازمین ان کے علاقے کا سروے کرکے مسمار کرنے کیلئے نشان لگا گئے ہیں جس کے باعث وہ ذہنی پریشانی سے دوچار ہیں، اس سلسلے میں سروے ٹیم کا کہنا تھا کہ انہیں نیب کی جانب سے نشاندہی کرنے کا حکم ملا ہے لہذا جلد ہی آپریشن کرکے گھروں کو مسمار کر دیا جائے گا ۔احتجاج کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سٹی عثمان سکندر اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نے آپریشن نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے گھروں کیخلاف آپریشن روکدیا ہے ، ذرائع کے مطابق اب گھروں کیخلاف آپریشن نہیں کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں