گندم ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران بھی جائیں گے، تفصیلات جان لیں

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیاہے اور اس سلسلہ میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ خوراک کی رپورٹس کی روشنی میں گندم ذخیرہ کرنے والوں کے گوداموں اور خفیہ جگہوں پر کارروائی کریں اور تین دنوں کے اندر ایکشن کی تفصیلات سے کمشنر آفس کو آگاہ کریں۔ کمشنر گوجرانوالہ نے واضح کیا کہ کسی بھی طور پر گندم، چینی، آٹا اور دیگر بنیادی اشیا خور ونوش کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور من مانے نرخوں پر فروخت برداشت نہیں کی جائیگی اور عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور کارروائی کی ذمہ دار ہوگی۔کمشنر نے ماہ رمضان میں اشیا خورونوش کے نرخوں میں اضافہ کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈویژن بھرکے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بلا تفریق روزانہ کی بنیاد پر ٹھوس اور موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں کوتاہی اور سستی برتنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنرز ناقص کارکردگی دکھانے والے پرائس مجسٹریٹس کو فی الفور ضلع بدر کر یں۔کمشنر نے یہ ہدایات ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر اور اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) تنویر یاسین سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے کمشنر کو بتایا کہ یکم سے 9 مئی تک 210 گراں فروشوں کو 602500 روپے جرمانہ جبکہ ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 9 دنوں میں 4,69,00 روپے جرمانہ ، چار ایف آئی آرز اور چار افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ ڈی سی سیالکوٹ نے بتایا کہ 82 افراد کو 289000 روپے جرمانہ جبکہ ایک ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں