گوجرانوالہ: نکاسی آب نہ ہونے پر بھٹی بھنگوں کے مکینوں کا احتجاج، اسسٹنٹ کمشنر کا نوٹس

بھٹی بھنگو ں میں نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے دوہفتے سے زائدجمع پانی مکینوں کیلئے درد سر بن گیا،اہل علاقہ سراپااحتجاج بن گئے ، اے سی صدر حنا ارشد موقع پر پہنچ گئیں اور راستہ کھولنے کے احکامات جاری کئے ۔ بھٹی بھنگوں میں با اثر افراد نے گزشتہ پندرہ روز سے اہل دیہہ کا سیوریج کا پانی بند کر رکھا تھا، پورے گاؤں میں پانی جمع ہونے سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔گزشتہ روز مکینوں نے سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے شدید احتجا ج اور نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلیوں میں پانی جمع ہونے سے ہم گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، بچے سکول نہیں جا پارہے ، متعدد مرتبہ بچے پانی میں گر چکے ہیں، نمازیوں اور راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کاسامنا تھا۔اے سی صدر میڈم حنا ارشد بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ اہل دیہہ استاد علی محمد مہر،ماسٹر حمید،مہر سلیم،ملک طاہر، ذیشان سخی،ملک عامر نے مذکورہ آفیسر کو بتایا کہ گاؤں میں پانی جمع ہونے سے 500گھر متاثر ہورہے ہیں ، اس بارے 2002میں کیس دائر کر رکھا تھا جس پر شنوائی نہیں ہوئی اور کیس داخل دفتر کردیا گیاجس پر اے سی صدر نے نکاسی آب کے احکامات جاری کئے اور اپنی نگرانی میں پانی کاراستہ کھلوا دیا ۔میڈم حنا ارشد کا کہنا تھا کہ جو کیس داخل دفتر ہوگیا اسے دوبارہ اوپن کر واکر اس پر کارروائی کی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں