شہری علاقوں سے اٹھایا جانے والا کوڑا صبح سویرے نہر کنارے پھینک دیا جاتا ہے ،درخت بھی کوڑے کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں ، انتظامیہ فوری توجہ دے : سیالکوٹ روڈ،پیپلز کالونی ،محلہ فقیر پورہ کے مکینوں کامطالبہ
گوجرانوالہ میں کچرا ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کاباعث بننے لگا ، شہری علاقوں سے اٹھایا جانے والا کچرا نہر کنارے پھینکنے سے نہری پانی آلودہ ہونے لگاجبکہ نہر کنارے کچرے کے ڈھیر سے قریبی آبادیوں کے مکین بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،تفصیلات کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسروں اور سٹاف کی نا اہلی سے پیپلز کالونی ، سیالکوٹ روڈ ، محلہ فقیر پورہ اور دیگر علاقوں میں کوڑے کا مسئلہ دوبارہ سر اٹھا رہاہے ۔ نہر کنارے کوڑے کے ڈھیر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، سیالکوٹ روڈ،پیپلز کالونی اور دیگر قریبی آبادیوں کے مکینوں مختار ، کامران ، زاہد ، الیاس ،عامر ، شکیل اور عباس وغیرہ نے بتایا کہ شہری علاقوں سے اٹھایا جانے والا کوڑا صبح سویرے نہر کے کناروں میں پھینک دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نہری پٹی پر کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں ، کئی ماہ سے کوڑا نہ اٹھانے سے سے ماحول کے ساتھ ساتھ نہری پانی بھی آلودہ ہو رہا ہے جبکہ نہر کنارے لگے درخت بھی کوڑے کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں ، شہریوں کا کہنا تھا کہ کوڑے کے ڈھیر بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں ، انتظامیہ اس جانب فوری توجہ دے ۔
Load/Hide Comments