ایئر چیف مجاہد انور خان نے کہا کہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 کی تیاری رواں سال شروع ہو گی، اییسا ریڈار بنانے والی 2 چینی کمپنیوں میں سے ایک کا انتخاب جلد کیا جائے گا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے غیر ملکی کو جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 نئے ریڈار کیساتھ مارچ 2020ء تک آپریشنل ہوگا، پاک فضائیہ میں مزید 3 جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 طیارے جون میں شامل ہوںگے، جے ایف 17 تھنڈر کی شمولیت سے بلاک 2 طیاروں کی کھیپ مکمل ہو جائے گی، تربیتی امور کیلئے 2 نشستوں والا جے ایف 17 تھنڈر (بی) بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
ایئر چیف کا کہنا تھا جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 طیارہ مقامی سطح پر تیار کردہ ہے، پاکستان ایروناٹیکل کمپلکس کامرہ کا شاہکار یہ طیارہ جدید ترین آلات سے لیس ہے، جے ایف 17 تھنڈر بلاک 2 جدید ترین کثیر الکردار، مہلک لڑاکا طیارہ ہے، پاک فضائیہ نے 2017ء میں مزید 12 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا آرڈر دیا تھا، پی اے سی نے 2009ء سے ابتک 10 سال میں 100 جے ایف 17 تھنڈرطیارے بنائے۔