ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر کی زیر صدارت ضلعی مسجد کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 6نئی مساجد کی تعمیر کی اجازت کیلئے این او سی جاری کرنے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رابعہ ریاست ، اسسٹنٹ کمشنرسٹی عثمان سکندر ، صدر حنا ارشد ، سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود ، قاری زاہد سلیم ، حافظ عمران عریف، حافظ جواد قاسمی، سعید احمد مجددی ،ضیاء اﷲ رضوی، سید ظہیر حسین نقوی، پادری شریف عالم، انصر شہزاد، محمد اعظم ڈار اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز اور دیگر شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علما کرام مسجد و محراب کو امن وبھائی چارے اور رواداری کی فضا کے فروغ کا مرکز بنائیں ۔ قیام امن میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے ۔ضابطہ اخلاق تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی مشاورت سے بنایا گیاہے اس پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے ، ضابطہ اخلاق کے نفاذکا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ شہر و ضلع کی پر امن فضا برقرار رہے۔
اس موقع پر سی پی او کہا کہ اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے ،علما کرام انتشار اور بد امنی پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں ۔ ملک دشمن عناصر پاکستان میں انتشار پھیلانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں ہمیں ان سازشوں سے نمٹنے کیلئے متحد رہنا ہو گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رابعہ ریاست نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پولیس ، اسسٹنٹ کمشنر ز، مسجد کمیٹی اور دیگر اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں قانونی تقاضے پورے کرنیوالی مساجد ، اما م بارگاہوں اور عبادت گاہوں کو این او سی جاری کئے جاتے ہیں ۔ اجلاس میں 14کیسز کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا جن میں سے 6کیسزمنظورہوئے ،ایک مستردہوا اور 7کیسز مسجد کمیٹی کی سب کمیٹی کو دوبارہ وزٹ کرنے کیلئے بھیجنے کی منظوری دی گئی ۔
Load/Hide Comments