گوجرانوالہ: گوندلانوالہ چوک ریلوے پھاٹک4روز سے بند ،شہری پریشان، طلبہ،مریضوں کے لواحقین خوار

محکمہ ریلوے نے گوندلانوالہ چوک ریلوے پھاٹک کو مرمت کی غرض سے چار روز سے بند کر رکھا ہے جس کے باعث ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ریلوے پھاٹک سے روزانہ ہزاروں طلبا و طالبات گزرتے ہیں اور پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے انہیں کئی کلومیٹر کا اضافی فاصلہ طے کرنا پڑ رہا ہے ۔پھاٹک کی بندش کی وجہ سے ہسپتال جانے والے مریضوں کے لواحقین بھی خوار ہو رہے ہیں۔ریلوے پھاٹک کی بندش سے اس روڈ پر قائم فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں کا کام بھی متاثر ہورہا ہے ۔ چار روز سے پھاٹک کی بندش سے شہری کافی پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ ریلوے کو پھاٹک بند کرنا ہی تھا تو پہلے اس کے قریب ہی کوئی متبادل راستہ بنانا چاہیے تھا۔ زیادہ سے زیادہ عملہ اور جدید مشینری سے کام کو فوری مکمل کیا جانا چاہیے تھا لیکن سرکاری اداروں کی سست روی کے باعث اہم ترین شاہراہ کئی روز سے بند پڑی ہے ۔ دوسری طرف محکمہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ایک دو دن میں کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد پھاٹک کھول دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں