گوجرانوالہ: ٹرینوں کے ذریعے روزانہ کروڑوں کے سامان کی سمگلنگ جاری، انکشافات سامنے آگئے

پشاور سے کوئٹہ اور کراچی آنے جانے والی ٹرینوں میں نان کسٹم سامان کی سمگلنگ عروج پر کسٹم،ریلوے پولیس اور دیگر ادارے ملوث :ذرائع ،سامان کاریکارڈموجود:ریلوے پولیس
محکمہ ریلوے کے ذریعے روزانہ کروڑوں روپے کے سامان کی سمگلنگ نہ رک سکی۔کسٹم،ریلوے پولیس اور دیگر اداروں کا اس کاروبار میں ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے ۔ ذرائع کے مطابق پشاور سے کوئٹہ اور کراچی آنے جانے والی ٹرینوں میں نان کسٹم سامان کی سمگلنگ عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ جاپان ،چین اور ایران کاتیار کردہ کپڑا ،دھاگہ ،برتن اور کھلونے ٹرینوں کے ذریعے کسٹم ادا کئے بغیر ملک کے مختلف حصوں میں پہنچائے جاتے ہیں۔اس سامان کی ملکیت کروڑوں روپے ہوتی ہے اور یہ سامان ٹرین کے خفیہ خانوں میں چھپا کر لایا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس گھناؤنے کاروبار میں کسٹم اور ریلوے پولیس کا عملہ بھی شامل ہے ۔گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن سے روزانہ بارہ ٹرینوں کی آمد ورفت ہوتی ہے ۔ ٹرینوں کا سٹاپ دو سے پانچ منٹ تک کا ہوتا ہے جس دوران یہ سامان اتارا جاتا ہے ۔زیادہ تررات کے اوقات میں آنے والی ٹرینوں میں سامان کی سمگلنگ ہوتی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ سامان ٹرینوں کی آخری بوگیوں میں رکھا جاتاہے ۔ ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں آنے والے سامان کو مکمل چیکنگ کے بعد رکھا جاتا ہے اور سارے سامان کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں