نئے گیس کنکشن کیلئے جعلی کاغذات تیار ہونے کا انکشاف , محکمہ کا ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

سوئی گیس دفترکے باہرموجودایجنٹ شہریوں سے پیسے لیکرنامکمل کاغذات کی فائل بناکردیتے ہیں ،اکثرلوگوں کے کاغذات مستردبھی ہوچکے ،حکام نے کنکشن کی درخواست جمع کرواتے وقت اصل کا غذات کا ساتھ لانا لازمی قرار دیدیا
گیس کے نئے کنکشن کے حصول کیلئے جعلی کاغذات تیار ہونے کا انکشاف ہواہے جو سوئی گیس دفتر کے باہر موجود ایجنٹ تیار کرتے ہیں ،سوئی گیس حکام نے گیس کنکشن کی درخواست جمع کرواتے وقت اصل کا غذات کا ساتھ لانا لازمی قرار دیدیا۔ذرائع کے مطابق سوئی گیس کے نئے کنکشن کیلئے شہری جب سوئی گیس دفتر آتے ہیں تو دفتر کے باہر موجود ایجنٹوں سے اپنی فائل تیار کرواتے ہیں ،اکثر لوگوں کے پاس کاغذات نامکمل ہوتے ہیں لیکن ایجنٹ شہریوں سے پیسے لے کر جعلی کاغذات تیار کر کے فائل مکمل کردیتے ہیں ۔نئے کنکشن کے حصول کے لیے جس جگہ کنکشن لگنا ہو تا ہے اس پراپرٹی کی رجسٹری ،شناختی کارڈ اور دیگر یوٹیلیٹی بلز ساتھ لگانے ضروری ہوتے ہیں ۔اکثر لوگوں کے پاس پر اپرٹی کے کاغذات مکمل نہیں ہوتے ، ایجنٹ جعلی فردوں کے ذریعے کاغذات مکمل کر دیتے ہیں اورمتعدد لوگوں کے کاغذات اس وجہ سے مستر د بھی ہو چکے ہیں۔سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ نئے گیس کنکشن کی درخواست جمع کروانے والے سائلین اصل کاغذات لازمی ساتھ لائیں جبکہ جعلی کاغذات تیار کر نے والے ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں