مارکیٹوں اور بازاروں میں مہنگائی کا طوفان, دکاندار ڈالر کو جواز بناکر قیمتیں زیادہ وصول کرنے لگے

عید کی خریداری عروج پر پہنچتے ہی مارکیٹوں اور بازاروں میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا۔دکاندار ڈالر مہنگا ہو نے کا جواز بنا کر ہر چیز کی قیمتیں زیادہ وصول کر رہے ہیں ۔کاسمیٹکس کی ا شیا مہنگی ہو نے سے شہر کے معروف بازاروں میں خواتین صرف چیزوں کی قیمتیں پوچھنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔بیوٹی کریموں،میک اپ کے سامان اور باڈی سپرے کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 100 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ چوڑیوں اور مصنوعی جیولری کی قیمتوں میں 60 سے 70 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ گزشتہ سال پندرہ سے بیس روپے میں فروخت ہونیوالی مہندی کی قیمت تیس سے پچاس روپے تک پہنچ گئی ہے ، کاسمیٹکس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو نے کی وجہ سے خواتین انتہائی ضروری چیزوں کی خریداری پر ہی اکتفا کر رہی ہیں، دوسری طرف شہر کے معروف ترین بازاروں میں دکاندار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جبکہ بھاری کرایوں کے عوض عارضی سٹال لگانے والے سٹال ہولڈرز کو کرایہ کی ادائیگی میں بھی مشکلات کاسامناہے ۔شہریوں کا کہنا ہے مہنگائی کی وجہ سے تاجر اور خریدار دونوں کو ہی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہمارا بھی نقصان ہو رہاہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں