اسلام آباد: آصف علی زرداری کو احتساب عدالت پہنچا دیا گیا، نیب عدالت سے سابق صدر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرے گا۔
سابق صدر کی احتسابی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، 300 اہلکار نیب راولپنڈی کے دفتر کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں، ٹریفک پولیس کے 200 اہلکار نیب دفتر سے نیب عدالت تک فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ نیب کے دونوں اطراف کی سٹرکیں مکمل بند ہیں۔
نیب عدالت کے جی الیون روڈ بھی سیکیورٹی کی وجہ سے بند ہے، نیب عدالت اور نیب دفتر کے باہر رینجرز اہلکار گشت پر تعینات ہیں۔ اگر کارکنان آئے تو آبپارہ چوک سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نیب عدالت اگر کارکنان پہنچے تو ان کو پراجیکٹ موڑ پر روک لیا جائے گا۔ فیض آباد اور داخلی راستوں پر بھی انٹی رائٹس فورس تعینات ہے۔
ادھر سابق صدر آصف زرداری نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو خط لکھا ہے کہ دوران حراست مجھے 2 خدمت گار دیئے جائیں۔ مجھے دن رات خدمت گار کی ضرورت ہوتی ہے، ایک دن اور دوسرا رات کو صحت کی نگرانی کرتا اور ادویات دیتا ہے۔
میں مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوں، اگر سہولت نہ دی گئی تو میری زندگی کو خطرہ ہوسکتا ہے، نہال چند اور لیاقت علی کو میرے ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے۔