گوجرانوالہ میں دس سالہ بچے کو بے دردی کے ساتھ قتل کردیا گیا، زوہیب شام کو کھیلنے کے لٸے گھر سے باہر نکلا، رات گئے اس کی شہ رگ کٹی لاش مل گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے قریب قصبہ تتلے عالی میں پیش آیا، جہاں دس سالہ زوہیب شام کے وقت کھیلنے کے لٸے گھر سے نکلا تھا، رات گئے واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے تلاش کی اور اعلانات کروائے، بچے کی نعش بوپڑا کلاں نرسری سے مل گئی، جس کی شہ رٹ کاٹ کر اسے قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ سے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کے لٸے تحصیل ہسپتال منتقل کردیا۔ تاحال ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی، مقتول بچے کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں ہے، زوہیب کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انصاف دیا جاٸے۔ وزیر اعلی پنجاب واقعہ کا نوٹس لیں۔ دوسری طرف خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زوہیب کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔ ملزمان نے شناخت ہونے کے ڈر سے زوہیب کو قتل کر کے نعش بوپڑا کلاں نرسری کے قریب پھینک دی ۔ اس بارے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم سے ہی حقائق سامنے آئیں گے۔