گوجرانوالہ: مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر100افرادکیخلاف مقدمات درج، پولیس ملازمین کے کارنامہ کے بارے میں جان لیں

گاڑی پر سوار سفید کپڑوں میں ملبوس پانچ افراد نے سکریپ کے گودام میں آکربھتہ مانگا انکار پرگالم گلوچ ،جھگڑا،پکڑے گئے دوافرادپولیس اہلکارنکلے جنہیں پولیس ساتھ لے گئی اہلکاروں کے گھروں ،کاروباری مراکزپرچھاپے ،انصاف دیاجائے :ظہیر احمد بٹ کی اپیل
گوجرانوالہ: مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر تاجروں سمیت ایک سو افراد کے خلاف ڈکیتی ا ور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر گیالیا جبکہ پولیس نے برطانیہ میں مقیم نوجوان اور اس کے بھائی کو بھی ڈاکو بنا دیا ،متاثرین انصاف کے لئے دنیا دفتر پہنچ گئے ۔ نوشہرہ روڈ اعوان چوک کے رہائشی ظہیر احمد بٹ نے الزام لگایا کہ عید سے ایک دن قبل پرائیویٹ گاڑی پر سوار سفید کپڑوں میں ملبوس پانچ افراد ہمارے سکریپ کے گودام میں آئے اور بھتے کا مطالبہ کیا ،انکار پر انہوں نے گالی گلوچ کرتے ہوئے جھگڑا شروع کر دیا، اسی دوران وہاں موجود مزدور بھی ا کٹھے ہو گئے اور دوا فراد کو دبوچ لیا جبکہ تین فرار ہو گئے ، اطلاع پر تھانہ کھیالی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ، ایس ایچ او نے بتایا کہ پکڑے گئے دو افراد پولیس ملازمین ہیں جنہیں متعلقہ پولیس اپنے ساتھ لے گئی، پولیس نے اپنے ملازمین کو بچانے کے لئے تاجروں سمیت ایک سو کے قریب افراد کے خلاف تین جھوٹے مقدمات بنائے جن میں ڈکیتی، چوری ،سڑک بلاک کرنے سمیت متعدد دیگر دفعات شامل ہیں ، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے گھروں اور چار کا ربواری مراکز پر چھاپے مارے اورڈیڑھ کروڑ روپے کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر لے گئے ۔ اس کے علاوہ بوکھلاہٹ کی شکار پولیس نے برٹش نیشنل حافظ عبدالوحید اور دبئی میں مقیم محمد لقمان کے خلاف بھی ڈکیتی و چوری کے مقدمات بنا دیئے ، دوسری طرف پولیس کا کہنا تھا کہ سکریپ چوری کرنے والے ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ وہ چوری شدہ پیتل سعید بٹ وغیرہ کو فروخت کرتا تھا جس پر پولیس اہلکار تفتیش کے لئے وہاں گئے ۔متاثرین نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں