بجٹ: عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا ، ن لیگ ، پی پی ،متوسط طبقہ پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا : پی ٹی آئی

ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے متراد ف ہے :ڈاکٹر نثار چیمہ ،عمران خالد بٹ ،نواز چوہان حکومت ناکام ہوچکی :میاں اظہر حسن ڈار ، خالد باجوہ ، ارشاد اﷲ سندھو ،لگژری ٹیکسز کی شرح بڑھائی گئی:صدیق مہر،سرفراز مہر
گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ڈاکٹر نثار چیمہ ،عمران خالد بٹ ،نواز چوہان اور دیگر نے وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالا گیا ہے ، اشیا ضروریہ مہنگی کرکے عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا، ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے متراد ف ہے ، عالمی بینکوں کے قرضوں سے نجات کیلئے لانگ ٹرم پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں ،حکومت مستقبل میں مفت تعلیم اور باعزت روزگار کے مواقع بھی عوام سے چھین لے گی۔ اگر حکمرانوں کی یہی روش رہی تو ملک کا مستقبل تاریک ہوگا، پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے میاں اظہر حسن ڈار ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ ،ضلعی جنرل سیکرٹری ارشاد اﷲ سندھو نے کہا کہ تحریک انصاف کی کٹھ پتلی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ، عوام کی ضروریات کی چیزوں پر ٹیکس لگایا گیا ہے ، حکمران مہنگائی کا طوفان لاکر بھی معیشت کو سنبھالا نہیں دے سکتے ،پی ٹی آئی کے پاس کوئی وژن نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما چودھر ی صدیق مہر اورمیاں سرفراز مہر نے کہا کہ حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے ، سابق حکمرانوں کی کرپشن ،بد عنوانی اور نااہلی کے سبب کم وسائل میں متوازن بجٹ پیش کیا گیا، بجٹ میں متوسط طبقہ پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ لگژری ٹیکسز کی شرح بڑھائی گئی، پاکستانی ایکسپورٹ میں اضافہ اور امپورٹ میں کمی لانے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے جس سے پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوگا ، مسلم لیگ ق پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر زین بھٹی ،سیاسی رہنما اکرام بابر کھوکھر نے کہا کہ زرعی شعبہ جات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، کسانوں کو سبسڈی دینا ناگزیر ہے ، بجٹ میں کسانوں کو بظاہر ریلیف دیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں