شہریوں کیلئے خوشخبری، گوجرانوالہ کے دوسرے سرکاری ہسپتال میں مریضوں کا چیک 24 جون سے، مکمل تفصیلات جان لیں

گوجرانوالہ: گوندالانوالہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں آؤٹ ڈور سروسز 24جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، آؤٹ ڈور سروسز کے آغازسے ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ سے مریضوں کارش کم اور علاج معالجے کی سہولیات کا معیار بہتر ہو گا،ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر سمیع ممتاز،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد غیاث، ڈاکٹر فضل،ایکسیئن بلڈنگز ریاض بٹ، ڈاکٹروحید سمیت دیگر افسران کے ہمراہ ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بلڈنگ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال جلد آپریشنل ہونا عوامی مفاد میں ہے جس سے لاکھوں افراد استفادہ کر سکیں گی اور بروقت علاج سے قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔ دورہ کے موقع پر انہیں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے پرنسپل میڈیکل کالج نے بتایا کہ سٹی سکین، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، ای سی جی، ڈینٹل یونٹ دیگر ضروری مشینری کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے، آؤٹ ڈور سروسز کے آغاز کے لیے بلڈنگ میں وائرنگ، سنٹرل ائیر کنڈیشننگ، لائٹنگ وغیر ہ کا کام بھی تیز ی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن بلڈنگز کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں معیاری مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
ہسپتال منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے پرنسپل و پروجیکٹ ڈائریکٹر گوجرانوالہ میڈیکل کالج ڈاکٹر سمیع ممتاز،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد غیاث،ایکسیئن ریاض بٹ نے انہیں بتایاکہ اب تک حکومت پنجاب کی طرف سے 1813ملین کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں جنہیں بروئے کار لاتے ہوئے ہسپتال کے پہلے حصہ کا سول ورک کا بڑاحصہ مکمل کر لیا ہے اور جلد آؤٹ ڈور سروسز شروع کرنے کے لیے تمام کام مکمل کر لیا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب سے درخواست کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اور دیگر نے ہسپتال کے تعمیراتی کام کی اب تک پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں