گوجرانوالہ کے جیالے دم توڑگئے، شہیدبینظیربھٹو کی سالگرہ تقریب پر بھی مقامی قیادت تقسیم

شہید بینظیر بھٹو کی 66 ویں سالگرہ کی تقریب پر بھی پیپلز پارٹی گوجرانوالہ کی مقامی قیادت متحد نہ ہوسکی، سالگرہ کی پانچ مختلف تقاریب نے جیالوں کو مایوس کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کو لاہور پنجاب ہائوس بلا کر ہدایت کی گئی تھی کہ مقامی عہدیدار اور ذیلی تنظیمیں ملکر سالگرہ کی تقریب کا ایک ہی پروگرام کریں لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت بکھری ہوئی نظر آئی، دو روز قبل پیپلز ٹریڈز سیل کی طرف بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیاگیا جہاں چند کارکنوں نے ہی شرکت کی جبکہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی ضلع کی جانب سے مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلع اور سٹی کے چند عہدیدار اور کارکن موجود تھے جبکہ اسی مقام پر چند گھنٹے بعد ہی پیپلز پارٹی سٹی تنظیم کی طرف سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد پارٹی کارکن سٹی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کیلئے چلے گئے ،اس طرح شہید بینظیربھٹو کی 66 ویں سالگرہ پر بھی مقامی قیادت کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے جس پر جیالے کارکنوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے عہدیدار اگر سالگرہ کی ایک تقریب کرلیتے تو کارکنوں کی بڑی تعداد ایک جگہ پر اکٹھی ہوکر اپنی قائد کی جمہوریت کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرسکتی تھی ، دوسری طرف پیپلز پارٹی کی قیادت نے پانچ مختلف تقاریب کا نوٹس لے لیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں