20کلو تھیلے کا سرکاری ریٹ 760جبکہ 820پر بک رہا ہے ،چکی کاآٹا 1000روپر میں20کلو ہے ، شہری پریشان
گوجرانوالہ(نیوزرپورٹر)گوجرانوالہ ڈویژن میں فلور مل مالکان اور آٹا ڈیلروں کی ملی بھگت سے آٹے کی قیمت میں خودساختہ اضافہ کردیا گیا ۔ آٹے کی قیمت بڑھتے ہی روٹی اور نان کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا جس سے شہری پریشان ہیں ۔ آٹے کا سرکاری ریٹ 760روپے 20کلو گرام کا تھیلہ ہے ۔لیکن یہ 820روپے پر جبکہ چکیوں پر 1000روپے فی 20کلو گرام میں فروخت ہورہا ہے جس وجہ سے روٹی کی قیمت 10روپے اور نان کی قیمت 14روپے تک جاپہنچی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی افسروں ، محکمہ خوراک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لمبی تان کر سو گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے 100گرام روٹی کی قیمت 6روپے ،خمیری روٹی 8روپے تندوری نان 120گرام کا بارہ روپے مقر کی ہے ۔ لیکن کسی جگہ اس حکم نامے پر عمل درآمد نہیں ہورہا اور جہاں روٹی 6روپے میں بک رہی ہے اس کا وزن 60 گرام ہوتا ہے اور جہاں روٹی کا وزن 100گرام ہے وہاں اس کی قیمت 10روپے ہے ۔اسی طرح نان کی سرکاری قیمت 8 روپے ہے لیکن یہ 12سے 15روپے میں بک رہا ہے ۔ ہوٹل اور تندور مالکان کا کہنا ہے کہ پہلے حکومت گندم کی قیمتیں کنٹرول کرے پھر نان اور روٹی کی قیمتیں کم ہوں گی۔
Load/Hide Comments