ریلوے ٹریک کے ساتھ لگے کوڑے کے ڈھیر، گندے پانی کے جوہڑ کو ختم کرنے کا فیصلہ، مکمل تفصیلات جان لیں

گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے متعدد بیماریاں پھیلنے کاخطرہ ، ریلوے لائن پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کرنے کی ہدایت ،محکمہ ریلوے نے مراسلہ جاری کر دیا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ریلوے ٹریک کے ساتھ لگے کوڑے کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ کو ختم کرنے کا فیصلہ ،محکمہ ریلوے نے ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر ریلوے لائن کے ساتھ گندگی کے جوہڑ ختم کرنے کا مراسلہ جار ی کر دیا ۔ ایمن آباد سے گوجرانوالہ اور گوجرانوالہ سٹی سے کینٹ تک ریلوے ٹریک کے ساتھ گندگی کے ڈھیر اور گلی محلوں کا گندا پانی جمع ہوا ہے جس کیو جہ سے ریلوے ٹریک کے ساتھ جمع ہونے والا پانی جوہڑ کا منظر پیش کر رہا ہے ۔گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے متعدد بیماریاں پھیلنے کاخطرہ ہے جبکہ ڈینگی جیسا موذی مرض کے پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے ۔محکمہ ریلوے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ریلوے ٹریک کے ساتھ گندگی کے ڈھیروں کو ختم کیا جائے جبکہ سیوریج کا گندا پانی جو ریلوے ٹریک کی طرف بہہ رہا ہے اس کو بھی کنٹرول کیا جا ئے ۔ریلوے لائن پر جو لوگ کوڑا پھینکتے ہیں ان کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور گندا پانی کارخ تبدیل کیا جائے ۔اس حوالے سے متعلقہ افسروں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ انسداد ڈینگی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں