25 جون 1678ء کو دنیا کی کسی یونیورسٹی سے پہلی بار ایک عورت کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔ یہ مختصر عمر پانے والی ایلینا کورنارو تھی جو پانچ جون 1646ء کو وینس میں پیدا ہوئی۔
ان کی والدہ کا تعلق غریب خاندان سے تھا جبکہ والد کا طبقۂ امرا سے۔ کسان خاندان سے تعلق رکھنے والی ماں نے بھوک سے بچنے کے لیے وینس میں پناہ لی، جہاں اس کی ملاقات ایلینا کے والد سے ہوئی اور دونوں شریکِ حیات بن گئے۔
ایلینا بچپن ہی سے غیر معمولی ذہین تھی۔ کورنارو خاندان ریاست وینس کا نامور اور انتہائی بااثر خاندان تھا۔ اس خاندان سے قربت رکھنے والے ایک پادری جیووانی فیبرس کے مشورے پر ایلینا کی روایتی تعلیم کا آغاز ہوا۔
اس نے اپنے زمانے کے نامور اساتذہ سے لاطینی اور یونانی کی تعلیم پائی۔ صرف سات برس کی عمر میں اس نے ان زبانوں کے علاوہ فرانسیسی اور ہسپانوی میں بھی مہارت حاصل کر لی۔
حیرت انگیز طور پر یورپ میں پلی بڑھی ایلینا کو عبرانی اور عربی پر بھی عبور تھا۔ اسے ہفت زبان کا خطاب بھی دیا گیا۔ بعد ازاں اس نے ریاضی، فلسفہ اور الٰہیات کی تعلیم حاصل کی۔
وہ ایک ماہر موسیقار تھی اور ہارپسیکارڈ، پیانو (قدیم)، بربط اور وائلن سے پوری جان کاری رکھتی تھی۔ اپنی زندگی میں اس نے شاندار موسیقی تخلیق کی۔ 20 برس کی عمر کے لگ بھگ اسے طبیعیات، فلکیات اور لسانیات میں دلچسپی پیدا ہوئی۔
قابلیت کی بنا پر اسے فلسفہ پڑھانے والے استاد اور یونیورسٹی آف پاڈوا میں چیئر آف فلاسفی، کارلو رینالڈینی نے لاطینی زبان میں جیومیٹری پر ایک کتاب لکھی جو 22 سالہ ایلینا کے نام کی۔
1669ء میں اس نے جرمن راہب لانسپرجیس کی کتاب کا ہسپانوی سے اطالوی میں ترجمہ کیا۔ تین برسوں میں اس کے پانچ ایڈیشن شائع ہوئے۔ اسے سکالروں کی بہت سی سوسائٹیوں میں مدعو کیا جانے لگا اور اس کی شہرت خوب پھیل گئی۔
یونیورسٹی آف پاڈوا سے ایلینا کو الٰہیات میں ڈگری دینے کی درخواست کی گئی۔ اسے ’’لاورا‘‘ کہا جاتا تھا جو اس دور میں پی ایچ ڈی کے برابر تھی۔ جب بشپ جریجوری بارباریجو کو معلوم ہوا تو اس نے ایلینا کے عورت ہونے کی بنا پر ڈگری سے انکار کر دیا البتہ فلسفہ میں ڈگری کی اجازت دے دی۔
25 جون کو پاڈوا کے گرجا گھر میں یونیورسٹی حکام، تمام شعبوں کے پروفیسروں، طلبہ، وینس کے بیشتر قانون سازوں اور دیگر یونیورسٹیوں سے آنے والے مہمانوں کی موجودگی میں اسے ڈگری دی گئی۔
اس تقریب میں ایلینا کی ایک گھنٹہ پر محیط تقریر کو پورے انہماک کے ساتھ سنا گیا جس میں اس نے فلسفیانہ مسائل کی گرہیں کھولنے کی کوشش کی۔ اپنی زندگی کے آخری سات برس اس نے مطالعے اور فلاحی کاموں میں گزارے۔
اس کا انتقال 26 جولائی 1684ء میں ٹیوبر کلوسس (ٹی بی) سے ہوا۔ پانچ جون 2019ء کو اس کی 373 ویں سال گرہ کے موقع پر گوگل نے ’’گوگل ڈوگل‘‘ کے ذریعے اسے خراج تحسین پیش کیا۔