ڈی سی نائلہ باقر کادارالامان کا دورہ ،خواتین سے ملاقات، مزید تفصیلات جان لیں

مختلف شعبوں میں سہولیات کا جائزہ لیا،انچارج دارالامان نے مسائل سے آگاہ کیا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے دارالامان کا دورہ کیا اوروہاں مقیم بے سہارااور لا وارث خواتین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے استفسار کیا،انہوں نے سوشل ویلفیئر حکام اور دارالامان کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دارالامان میں مقیم خواتین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تا کہ وہ بھی عام خواتین کی طرح گھریلو سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد فاروق کلیر ،انچارج دارالامان میڈم حنا بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے موقع پر دارالامان کے مختلف شعبوں(بیوٹیشن، سلائی ،کڑھائی،خواتین جم،کوکنگ،بچوں کے پلے ایریا )اور وہاں پر مقیم خواتین کے علاج معالجہ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے انچارج دارالامان کو تجویز دی کہ خواتین کو سلائی کڑھائی اور کچن کے علاوہ کچن گارڈننگ کی طرف بھی مائل کریں اور انہیں اس سلسلہ میں درکار تربیت فراہم کریں ،انچارج دارالامان حناء بخاری نے ڈپٹی کمشنر کو سکیورٹی اور دیگرمسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انچارج دارالامان کو ہدایت کی کہ سرکاری اوقات کار کے دوران خواتین سے ملاقات کروائی جائے اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں