گوجرانوالہ-شیخوپورہ روڈ، بڑی خوشخبری: تعمیر کب شروع ہوگی؟ میگا پراجیکٹ کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر کی زیر صدارت اہم اجلاس،شیخوپور ہ گوجرانوالہ روڈ کی تعمیر جولائی میں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا،لینڈ ایکوزیشن کا کام مکمل،سروسز کی منتقلی کا کام بھی جون کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔روڈ کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت یک رویہ سے دورویہ بنانے کا عملی آغاز جولائی میں شروع کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کنول بتول،اسسٹنٹ کمشنرز صدر حناء ارشد،نوشہرہ ورکاں ماجد بن احمد،ڈپٹی ڈائریکٹ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد غیاث،ایکسیئن ہائی ویز آر سی ڈویژن محمد عامر،گیپکو،سوئی گیس،پی ٹی سی ایل،پیٹرولنگ پولیس،ضلع کونسل،لینڈ ایکوزیشن کلکٹراور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندے شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گیپکو،سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل سروسز (بجلی کے کھمبے،گیس پائپ لائنز،پی ٹی سی ایل کیبلز) کی شفٹنگ کا باقی کام اسی ہفتہ میں مکمل کیا جائے تا کہ روڈ پر تعمیراتی کام شروع کیا جا سکے جس پر ایکسیئن آر سی ڈویژن نے بتایا کہ 80فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور بقیہ 20فیصد بھی جون کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتا یا کہ سروسز کی منتقلی کے ساتھ ہی جولائی کے پہلے ہفتہ میں کنٹریکٹر کو موبیلائز کرتے ہوئے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)،اسسٹنٹ کمشنرز (صدر،نوشہرہ ورکاں)،ایکسیئن آر سی ڈویژن اور لینڈ ایکوزیشن کلکٹر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لینڈ ایکوزیشن کا 100فیصد کام 26جون تک مکمل کرتے ہوئے ہائی وے حکام کے سپرد کر دیا جائے۔اجلاس میں پولیس چوکی اور قبروں کی منتقلی سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنرز نے بتایا کہ روڈ میں آنے والے تمام موضعات کی ایکوزیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ایک سے دو روز میں لینڈ ایکوزیشن کلکٹراور لینڈ ریکارڈ سے مل کر تمام کاغذی کاروائی مکمل کر لی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں