ممبران کمیٹی لوگوں کومقدمہ بازی سے بچانے کیلئے بھرپور کرداراداکریں :آرپی او
گوجرانوالہ( کرا ئم رپورٹر)آر پی او طارق عباس قریشی نے کہا ہے کہ لوگوں کو مقدمہ بازی اور قانونی پیچیدگیوں سے بچانے کیلئے آر ڈی آر سی (ڈویژنل مصالحتی کمیٹی ) کے ممبران اپنا بھر پور کردار ادا کریں، تمام اضلاع میں ڈویژنل مصالحتی کمیٹی کے دفاتر فوری طور پرقائم کئے جائیں تا کہ تھانوں سے ہٹ کر ان دفاتر میں بیٹھ کر لوگوں کے باہمی تنازعات افہام و تفہیم کیساتھ حل کئے جا سکیں، ڈویژنل مصالحتی کمیٹی کے ممبر اور صدر ڈیموکریٹ گروپ چیمبر آف کامرس عابد سہیل بھٹی کی طرف سے تمام ممبران اور پولیس افسروں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ میں انہوں نے کہاکہ تمام ممبران احسن انداز سے لوگوں کے تنازعات حل کروائیں اور جو لوگ غلط ہوں ، زیادتی اور بدمعاشی کرتے ہوں ان کے بارے میں اپنی رپورٹ لکھیں تاکہ ایسے افراد کیخلاف فوری مقدمات درج کئے جائیں ۔ اس کمیٹی کا اہم مقصد مخلوق خدا کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔ سی پی او ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر مصالحتی کمیٹی کا قیام خوش آئندہے اور اس کے اچھے اثرات مرتب ہو نگے ، تمام ممبران نے کہا کہ وہ میرٹ پر اپنا کام کرینگے ۔
Load/Hide Comments