فنڈز کی عدم دستیابی،میونسپل سٹیڈیم ڈسکہ کی تعمیر التوا کا شکار

صورتحال کا علم ہے ، فنڈز جاری ہوتے ہی کام شروع کر دیا جا ئیگا:ڈی جی سپورٹس
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ڈیڑھ سال سے میونسپل سٹیڈیم ڈسکہ کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام رکا ہوا ہے جسکی وجہ سے کھیلوں کے فروغ کی تمام تر سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہیں۔ سابق حکومت کے وزیر اعلیٰ میاں نواز شریف نے تیس سال قبل ڈسکہ میں یہ اکلوتا سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کر وایا تھا تاکہ علاقہ میں کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے ،ڈیڑھ سال قبل پنجاب سپورٹس بورڈ نے ڈسکہ سٹیڈیم کی زبوں حالی کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تعمیر مرمت اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا مگر فنڈز نہ ہونے کی وجہ یہ منصوبہ تاحال کھٹائی میں پڑا ہوا ہے جس سے نوجوان نسل مایوسی کا شکار ہو رہی ہے ۔ انتظامیہ نے سٹیڈیم کی گراؤنڈ میں مٹی کے ڈھیر تو لگا د ئیے مگر ان ڈھیروں کو ہٹا کر گراؤنڈ کو ہموار کر دیا جائے تو تمام کھیل اس سٹیڈیم میں بحال ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، کمشنر وقاص علی محمود اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال حیدر سے اپیل کی ہے کہ سٹیڈیم کی گراؤنڈ کو فوری ہموار کروا کے ڈسکہ میں تعطل پذیر سپورٹس سرگرمیوں کو بحال کیا جائے ۔رابطہ پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ ندیم سرور نے بتایا کہ یہ ساری صورتحال ان کے نوٹس میں ہے ،فنڈز جاری ہوتے ہی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پرکام شروع کر دیا جا ئیگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں