عمران خان،زرداری،بلاول،شہباز اور دیگر اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری، کس کے کتنے اثاثے؟ جان لیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان قومی اسمبلی کے مالی سال 2018-19ء کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے۔
کس رکن قومی اسمبلی کے پاس کتنا مال؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ وزیراعظم نے بنی گالا رہائش کی مالیت ظاہر نہیں کی، زمین تحفہ قرار۔ بلاول بھٹو زرداری کے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے، دبئی کے اقامہ ہولڈر بھی نکلے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ڈالر، پاؤنڈ سٹرلنگ اور یورو اکاؤنٹس بھی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 2 لاکھ کی 4 بکریوں اور 6.2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں۔ وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر، پاک پتن 431 کنال جبکہ اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو 1 ارب 54 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک، دبئی میں دو ولاز میں شیئرز بھی ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک اور دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں لیکن ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔ آصف علی زرداری کے پاس 1 کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور جبکہ 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ان کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے جن میں لندن فلیٹ بھی شامل ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ روپے سے زائد جبکہ شیخ رشید احمد 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کے اثاثوں اور 8 کروڑ 73 لاکھ بینک بیلنس کے مالک ہیں۔

رانا ثنا اللہ 6 کروڑ 60 لاکھ روپے، سید خورشید شاہ 6 کروڑ روپے، وفاقی وزیر مراد سعید 36 لاکھ نقد اور 15 تولے سونے کے مالک جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے پاس 13 کروڑ 95 لاکھ کے اثاثے اور اڑھائی کروڑ روپے بینک بیلنس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں