17 ملازمین کام کر رہے ہیں ، مسافروں کیلئے سہو لتیں نہ ہونے کے برابر :سٹیشن ماسٹر
حافظ آباد(نامہ نگار)لاکھوں روپے کا ریونیو دینے والا حافظ آباد ریلوے سٹیشن مسافروں کیلئے بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ، روزانہ ایک ہزار کے قریب سفر کرنیوالے مسافر مشکلات کا شکار ہیں ، ریلوے سٹیشن بھوت بنگلے کی شکل اختیار کر گیا ۔ 4جولائی سے نئی ٹرین ‘‘سرسیّد ایکسپریس’’ بھی راولپنڈی سے براستہ حافظ آباد کراچی کیلئے چلائی جارہی ہے جس کا سٹاپ تاحال حافظ آباد کو نہیں دیا گیا، دوسری طرف ریلوے سٹیشن کے مسافر خانے کی چھت 10سال قبل گر گئی تھی اور باقی عمارت بھی خستہ حال ہے جس میں دن کو بچے کرکٹ کھیلتے اور رات کو یہاں جرائم پیشہ، اوباش اور منشیات فروش ڈیرہ جما لیتے ہیں۔ ریلوے ٹریک کی حالت بھی خطرناک حد تک ناقص ہو چکی ہے ، پلیٹ فارم نمبر4سے چھاؤنی جانے والے ٹریک 20سال سے بند اور تباہی کا شکار ہیں ، 2اپ اور ڈاؤن ٹرینوں کے ساتھ ساتھ یہاں سے روزانہ مال بردار گاڑیاں بھی گزرتی ہیں ۔ سٹیشن ماسٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ سٹیشن پر 17 ملازمین کام کررہے ہیں ،مخیر حضرات کے تعاون سے 4برقی واٹر کولر، 4ہینڈ پمپس اور ایک الیکٹرک پمپ لگوایا گیا ہے ، ان کے علاوہ مسافروں کیلئے بنیادوں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شہریوں نے مسافر ٹرینوں کے سٹاپ کا مطالبہ کیا ہے ۔
Load/Hide Comments