سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محفوظ زچگی کے شعبہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت :ڈپٹی کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں بہتری حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کا مقصد شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے ۔ حکومت پنجاب کی طرف سے جو کارکردگی اعشاریے مقررکئے گئے ہیں ان پر بھرپور توجہ دی جائے ،خصوصاً دیہی و بنیادی مراکز صحت میں سیف ڈلیوری (محفوظ زچگی)،ویکسی نیشن ،بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی کارکردگی میں شامل تمام سب انڈیکیٹرز (اعشاریوں) کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے ۔محکمہ صحت کے ماہانہ کارکردگی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت میں محفوظ زچگی کے لیے مڈ وائف اورگائنا کالوجسٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے افسروں کو ہدایت کی کہ ایل ایچ ویز (مڈ وائف)کو متحرک کیا جائے تا کہ وہ اپنے مراکز صحت کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنا سکیں ۔انہوں نے مکس پنجاب سروے رپورٹ 2018کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ میں محفوظ زچگی کے شعبہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت پر شہریوں کا اعتماد بحال کیا جا سکے ۔اجلاس میں ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری ،ایمبولینسز کا درست استعمال ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں یو پی ایس اور جنریٹر کے فنکشنل ہونے سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رابعہ ریاست،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی صاحبزادہ فریداور دیگر شریک تھے ۔
Load/Hide Comments