جن سکولوں میں پی ای ٹی ٹیچر کی خالی سیٹیں ہیں وہاں دیگر اساتذہ سپورٹس کے پیر یڈ پڑھانے کے مجاز ہونگے ،سپورٹس کونسلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ، کھلا ڑیوں کی ٹیمیں بنائی جائیں گی ، کھیل اکتوبر میں ہوا کریں گے
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے ریجن بھر کے سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی قرار دیتے ہوئے طلبہ و طالبات کو ہفتے میں سپورٹس کے دو پیریڈ بھی پڑھانے کی ہدایت کردی ،جن سکولوں میں پی ای ٹی ٹیچر کی خالی سیٹیں ہیں وہاں دیگر اساتذہ سپورٹس کے پیر یڈ پڑھانے کے مجاز ہونگے ۔ سکولوں میں ٹیمیں ،سپورٹس کمیٹیاں اور سپورٹس کونسلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ریجن کے تمام سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری سکولوں میں ہفتے میں دو سپورٹس پیریڈ ہوا کریں گے سکول میں چودہ مختلف کھیلیں کر کٹ ،ہاکی ،فٹ بال ،والی بال ،کبڈی ،جمناسٹک ،ہینڈ بال ،ٹینس بال ،ایتھلیکٹس،رسہ کشی،باسکٹ بال ،سائیکلنگ کی ٹیمیں بنائی جائیں گی۔کھلاڑیوں کو کٹس اور کھیلوں کا سامان نان سیلری بجٹ سے لے کر دیا جائے گا۔ کھیلوں کے مقابلے موسم بہتر ہوتے ہی یکم اکتوبر سے 31اکتوبر تک شیڈول ہوا کریں گے ۔ اس سلسلہ میں سی ای او ایجوکیشن محمد ارونگزیب کا کہنا تھا کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے فوری بعد سپورٹس کے پیریڈ سکولوں میں پڑھائے جائیں گے ۔
Load/Hide Comments