اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ احتساب عدالت نے مریم نواز کو 19 جولائی کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو نوٹس جاری کیا۔ نیب نے مریم نواز کیخلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیلئے درخواست دی۔ نیب کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی پیش کردہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی۔
نیب کی جانب سے جعلی دستاویزات پر سزا دینے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہو چکی ہے، عدالت سیکشن 30 کے تحت انھیں سزا سنائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے کیلبیری فونٹ والی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی۔ جعلی دستاویزات پیش کرکے انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ جعلی دستاویزات دینے پر ملزم یا گواہ کو 10 سال قید بامشقت ہو سکتی ہے۔