ضلعی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ: ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، تفصیلات سامنے آگئیں

ذخیرہ کی جانیوالی چینی، آٹا اور دوسری اشیا خورونوش کو قبضہ میں لیکر مقررہ نرخوں پر فروخت کروایا جائے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائی کریں: کمشنر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو بے نامی جائیدادکے مالکان کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت ،ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہو ئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سپیشل برانچ اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی مو ثر کریک ڈاؤن کیاجائے اور ذخیرہ کی جانے والی چینی، آٹا اوردیگر اشیا خورونوش کو قبضہ میں لے کر مقررہ نرخوں پر فروخت کروایا جائے ، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوروں کے خلاف ٹھوس کارروائی کریں، کمشنر نے بے نامی زمینوں ، جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسروں اور اہلکاروں کو اپنے حلقوں میں بے نامی جائیدادکے مالکان کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس میں موجود میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے افسروں کو ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا ، انہوں نے کہاکہ ایسے تمام افراد کی قائم کردہ تجاوزات کو فوری طو ر پر ختم کیا جائے ، انہو ں نے عرصہ دراز سے مخصوص سیٹوں پر تعینات سرکاری ملازمین کا ڈیٹا بھجوانے کی ہدایت کرتے ہو ئے کہاکہ محکموں کی کارکردگی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور حکومت کے فلاحی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سبھی کو کام کرنا ہو گا۔ کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈویژن کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا اورکمشنر کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ رواں ماہ میں 1762گراں فروشوں کو 5610000 جرمانہ ، 25 کے خلاف ایف آئی آرز اور 39افراد کو گرفتار کیا گیا، گوجرانوالہ میں اشیا خورونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہو ئے 435 افراد کو 1627000 نقد جرمانہ ، ایک کے خلاف ایف آئی آر اور 25 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ، حافظ آباد میں 186افراد کو 607000 جرمانہ ، چار کے خلاف ایف آئی آر اور 4 افراد کو گرفتار کیاگیا جبکہ گجرات میں 220 افراد کو 478800 روپے جرمانہ ، دو افراد کے خلاف ایف آئی آر کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 472 گراں فروشوں کو 1180600 روپے جرمانہ اور 10 افراد کیخلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں،- اسی طرح سیالکوٹ میں 325 افراد کو 1463100 روپے جرمانہ ، چھ کے خلاف ایف آئی آرز اور 6 افراد کی گرفتاری اور نارووال میں 124 افراد کو 2535500 روپے جرمانہ دو کے خلاف ایف آئی آرز اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں