خاتون پر تیزاب پھینکنے ، مقدمہ قتل میں ملزموں کو سزائے موت، مکمل تفصیلات جان لیں

رضوان نے شا دی سے انکار پر بیوٹیشن عاصمہ پر تیزاب پھینک دیا ، بعدازاںوہ چل بسی عثمان ڈان ،نوید گاگا مقدمہ بازی کی رنجش پر فائرنگ کر کے عمران اور فرحان کو قتل کیا
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق جاوید نے بیوٹیشن کو تیزاب پھینک کر قتل کر نے والے کو سزائے موت اور 5 لا کھ روپے جرمانے کا حکم سنا دیا،پاک پورہ میں 17اپریل 2018کو رضوان نامی ملزم نے شا دی سے انکار پر عاصمہ یعقوب پر تیزاب پھینک دیا تھا ، کئی روز بعد وہ ہسپتال میں چل بسی۔
دوسری طرف ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نعیم عباس کی عدالت نے دو بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزموں کو سزائے موت کا حکم سنا دیا ۔ عثمان ڈان اور نوید گاگا کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور پانچ لاکھ جرمانہ کا حکم سنایا گیا ، ملزموں نے 2مئی2018کو مقدمہ بازی کی رنجش پر فائرنگ کر کے عمران اور فرحان کو قتل کر دیا تھا۔
علاوہ ازیں تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ تلواڑہ مغلاں میں 2005میں قتل ہونے والے نعیم حسن کے مقدمہ میں ملوث قیصر حسین کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا گیا ۔سیشن عدالت نے تھانہ اگوکی کے گاؤں ڈوگراں والہ میں انعم شہزادی کو اغوا کر نے میں ملوث طارق وغیرہ کو عدم ثبوت پر بری کر دیا جبکہ سیشن عدالت نے بیٹے کے قتل میں ملوث ماں اور سوتیلے باپ کو بری کر دیا ۔ تھانہ نیکا پورہ کے علاقہ کشمیری محلہ میں سحر نامی خاتون نے پہلے خاوند علی فاضل اور چار سالہ بیٹے سارم کو دوسرے شوہر محمد طارق سے مل کر قتل کر دیا تھا ،فریقین میں صلح بر یت کا با عث بنی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں