گوجرانوالہ: کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا ہے، حافظ محمد سعید کو سخت سکیورٹی میں خصوصی عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو آج گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج سید علی عمران کے روبرو پیش کیا گیا، سی ٹی ڈی حکام نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔ حافظ محمد سعید پر منڈی بہائوالدین کے علاقہ ملکوال میں کالعدم تنظیم کےلئے جگہ حاصل کرنے کا الزام ہے، ملکوال کے رہائشی شہری محمد علی نے کالعدم تنظیم کو 18 مرلے اراضی عطیہ کی تھی جس پر محمد علی کے ساتھ ساتھ کالعدم جماعت الدعوۃ کے ٹرسٹیز بورڈ کے ارکان حافظ سعید، امیر حمزہ، عبدالغفار، ملک ظفر اقبال، حافظ مسعود کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق کالعدم تنظیم کےلئے پراپرٹی لینا اور دینا جرم ہے جس پر جگہ عطیہ کرنے اور لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ حافظ محمد سعید کو پیش کرنے کےلئے عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، اینٹی رائیڈ فورس، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس اور پولیس اہلکاران تعینات تھے۔ عدالتی حکم کے مطابق اب حافظ محمد سعید کو 24 جولائی کو عدالت پیش کیا جائیگا