ڈسکہ میں ٹرانسفارمر ،واٹر پمپ چوری:شہباز شریف پارک کی حالت ابتر، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

عملہ نہ ہونے کے باعث صفائی ستھرائی نہیں کی جاتی،حکام فوری نو ٹس لیں :شہری
ڈسکہ (نامہ نگار)تحصیل انتظامیہ کی لاپروائی اور ہٹ دھرمی کے باعث شہر کا واحد شہباز شریف پارک سہولیات سے محروم ہے ،ٹرانسفارمر ،واٹر پمپ چوری ہوگئے ۔ تحصیل انتظامیہ کی غفلت کے با عث پارک کا بجلی کا ٹرانسفارمر اور واٹر پمپ ایک سال سے چوری ہوچکا ہے ،پارک میں عملہ نہ ہونے کے باعث صفائی ستھرائی بھی نہیں کی جاتی ، جڑی بوٹیوں سے پارک کی حالت ابتر ہو چکی ہے ،پارک میں منشیات فروش اور آوارہ لڑکوں نے قبضہ جمارکھا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کی سیروتفریح کیلئے پارک بنایا گیا تھا لیکن اُس کو سہولیات سے محروم کررکھا گیا ہے جبکہ انتظامیہ صرف فوٹو سیشن کروا کر پیسے بنانے میں مصروف ہے ،کچھ ماہ پہلے ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری میں چیف آفیسر بلدیہ شاہد فاروق کوہدایت کی تھی کہ فوری طور پر ایک آدمی پارک کے گیٹ پر مہیا کیا جائے لیکن 5ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے پارک میں گیٹ پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیا ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ ،چیف سیکرٹری ،کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں