گوجرانوالہ کے انجینئرز کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں،کوئی سروس سٹرکچر نہیں ، ینگ انجینئرز کو ریگولر کیاجائے اورانجینئرز کو ٹیکنیکل الاؤنس دیا جائے ورنہ احتجاج کادائرہ کار وسیع کردینگے :عہدیداروں کا شرکاسے خطاب
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گیپکو انجینئر زاینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتما م انجینئرز اورافسروں نے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی،پریس کلب کے باہر ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کرنعرے بازی کی گئی ،ریلی میں چیئرمین انجینئر ز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن میاں عبد القیوم ،صدر فیصل نفیس ،جنرل سیکرٹری چودھری امتیاز اور دیگر افسروں نے شرکت کی اور کہا کہ گوجرانوالہ کے انجینئرز کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں، انجینئرز کیلئے کوئی سروس سٹرکچر نہیں ، مختلف وفاقی اداروں میں انجینئرنگ الاؤنس دیا جا رہا ہے مگر گوجرانوالہ کے انجینئرز اس سے محروم ہیں۔ بجٹ میں تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافہ ہو اجو ٹیکس کٹوتی کے بعد ایک فیصد رہ جاتا ہے جو زیادتی ہے ، گیپکو انجینئرز ایسوسی ایشن فیڈرل انجینئرز کے شانہ بشانہ بھرپور احتجاج کر رہی ہے کہ تمام انجینئرز کو پنجاب ،خیبر پختونخوا ،آزاد کشمیر کی طرز پر بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا انجینئرنگ الاؤنس دیاجائے ۔ دو سال گزرنے کے باوجود ینگ انجینئرز کو ریگولر نہیں کیا گیا انہیں فی الفور ریگولر کیا جائے اور انجینئرز کو ٹیکنیکل الاؤنس دیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائیگا۔اس موقع پرملک کامران ،عبد الصمد سومرو،فواد بٹ جاوید اختر،محمدبوٹاگورائیہ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
Load/Hide Comments