ضلعی پولیس کے 11 گھوڑے محکمے پر بوجھ، سالانہ 18 لاکھ سے زائد کا خرچ،مزید جان لیں

گشت اوردیہاتی علاقوں میں چھاپے مارنے کیلئے 13گھوڑے 2سال قبل خریدے گئے ،2بیماری کے باعث ہلاک ہوگئے گھوڑوں سے کوئی کام نہیں کیاجارہا:ذرائع ، گھڑ سوار ٹیمیں مختلف اوقات میں مارکیٹوں کا گشت اور ریڈ کرتی ہیں :پولیس ترجمان
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ضلعی پولیس کے زیر استعمال11قیمتی گھوڑے محکمے پر بوجھ بن گئے ، سالانہ 18لاکھ روپے سے زائد رقم گھوڑوں کی خوراک اور ان کے رہن سہن پر خرچ ہو رہی ہے ۔محکمہ پولیس کی جانب سے گشت اور دیہاتی علاقوں میں چھاپے مارنے کیلئے 13 گھوڑوں میں سے دو مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق دو سال قبل محکمہ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے 13 قیمتی گھوڑے خریدے تھے تاکہ گوجرانوالہ کی مختلف مارکیٹوں میں گھڑ سوار پولیس اہلکار گشت کرسکیں ، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کو روکنے کیلئے گھڑ سوار پولیس گشت کرے گی ،اس کے علاوہ جنگل ، بیلوں اور دیہاتی علاقوں میں پناہ لینے والے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کیلئے جہاں پولیس کی گاڑیاں نہ پہنچ سکتی ہوں وہاں گھڑ سوار پولیس ریڈنگ ٹیم کی مدد کریگی لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہ ہو سکا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ گھوڑوں کی مناسب د یکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے دو گھوڑے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ گھوڑوں سے کسی قسم کا کوئی کام نہیں لیا جا رہا اور سالانہ 18لاکھ روپے ان کی خوراک اور دیگر لوازمات پر خرچ کئے جارہے ہیں ، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گھڑ سوار ٹیمیں مختلف اوقات میں مارکیٹوں کا گشت اور ریڈ کرتی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں