پہلے دن سے پیسوں کی برسات نہیں ہو گی ،محنت اورلگن سے شناخت اورعزت ملے گی سیاستدانوں اور جرنیلوں کو بھی مقدمات کیلئے وکلا کی ضرورت ہوتی ہے :وکلا سے خطاب
گوجرانوا لہ (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس (ر) کاظم رضا شمسی نے کہاہے کہ وکالت کا شعبہ کمائی کے ساتھ نیک نامی اور شہرت کا باعث ہے ۔ ٹریفک کے لال اشارے پر قانون توڑنے والے وکلا یاد رکھیں کہ معاشرہ انکی تقلید کرے گا ۔ نئے وکلا ذہن میں رکھیں کہ پہلے دن سے ہی پیسوں کی برسات نہیں ہو گی ۔ محنت اور لگن سے کام کرنے والے وکلا کو شناخت اور عزت ملی ۔ سیاست دانوں اور جرنیلوں کو بھی مقدمات کیلئے وکلا کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نوجوان وکلا کو لاہور ہائیکورٹ کا جج دیکھنا چاہتا ہوں ۔ سیشن کورٹ مرتضیٰ کمال لائبریری میں جوڈیشل افسروں اور وکلا سے ِخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وکلا با ادب با ملاحظہ کا خیال رکھیں ،جتنا ادب کرینگے جوڈیشل افسروں سے اسی طرح کا نتیجہ ملے گا ۔ وکیل اللہ تعالی کے ناموں میں سے ایک ہے ۔ وکلا سائلین کو بہترین مشورے دیں ،مخالف وکلا کو دشمن نہ سمجھیں اور عدالتوں کے اندر اور باہر ایک دوسرے کو آنکھیں نہ دکھائیں۔ کاظم رضا شمسی نے نوجوان وکلا کو مِخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ میں محنت، خلوص نیت اور لگن سے کام کریں ۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رائو عبدلجبار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران سید کاظم رضا کو لاہور ہائیکورٹ کا جج بنایا گیا تھا، فاضل جسٹس نے بیٹوں اور بیٹیوں کی طرح بار اور بینچ کا خیال رکھا جو ججز اور بار کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔قبل ازیں جسٹس(ر) کاظم رضا شمسی کا سیشن کورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ جیل اہلکاروں نے سلامی دی ۔ سیشن جج رائو عبدلجبار اور دیگر جوڈیشل افسروں اور صدر بار شہید اسلم جوڑا نے انہیں گلدستہ پیش کیا ۔ کاظم رضا شمسی نے کلرکس بار روم کا بھی دورہ کیا ۔
Load/Hide Comments