واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کی آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوگی۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
واشنگٹن پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ امریکی تاجروں اور اہم پاکستانی کاروباری شخصیات وزیراعظم سے ملیں۔ وزیراعظم کچھ دیر بعد واشنگٹن کے سٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج پاک امریکا تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس ملاقات میں شریک ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس آمد پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خصوصی مہمان وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان دو ملاقاتیں شیڈول۔ اس وقت پوری دنیا کی نظریں وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کی ملاقاتوں پر لگی ہوئی ہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں مصروف دن گزارا۔ وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی سفارتخانے میں ڈیموکریٹ پارٹی کے بااثر رکن اور معروف تاجر طاہر جاوید کی قیادت میں امریکی کاروباری افراد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی پیشکش کی۔ امریکی کاروباری افراد نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کی تعریف کی۔ پاکستانی سفارتخانے میں وزیراعظم سے پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کار سہیل خان نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان واشنگٹن پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ائیرپورٹ سے پاکستان ہاؤس تک واشنگٹن کی سڑکوں پر قومی اور پی ٹی آئی کے پرچموں کی بہار نظر آئی۔ کھلاڑیوں سمیت تمام پاکستانیوں کا جوش وجذبہ نمایاں تھا۔ ڈھول بجا کر وزیراعظم کو خوش آمدید کہا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے آمد پر وزیراعظم عمران خان کو گلدستہ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے وزیٹر بُک میں خیالات تحریر کئے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور پاکستانی کیمونٹی نے وزیراعظم کے دورہ امریکا پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی آج آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات طے ہے جبکہ عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات بھی ملاقات کریں گی۔ عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل کے ارکان سے بھی ملیں گے۔ ان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی جبکہ امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات کا شیڈول بھی طے ہے۔