برلن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں لوگ اپنی خواہشات کو پوری کرنے کیلئے متعدد طریقے استعمال کرتے ہیں تاہم جرمنی میں ایک نوجوان لڑکی نے حیران کن طور پر اوڈی گاڑی خریدنے کے لیے جعلی نوٹ ہی چھاپ لیے۔
جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق 20 سالہ جرمن لڑکی نے گھر میں جعلی نوٹ چھاپ کر لگژری اوڈی گاڑی خریدنے کی کوشش کی تاہم وہ اس کوشش میں کامیاب نہ ہو سکی۔
جرمن میڈیا کے مطابق جرمن شہر کیسرسلاٹرن میں نوجوان لڑکی اوڈی خریدنے کی خواہش لیے کار ڈیلر کے پاس پہنچیں خاتون نے من پسند گاڑی کو اچھی طرح دیکھا جب پیسے دینے کی باری آئی تو ڈیلر کو شک ہوا۔ ڈیلر کو لگا کہ یہ نوٹ جعلی ہیں اسی لیے اس نے فوری طور پر پولیس کو بلایا اور خاتون کو گرفتار کرا دیا۔
کار ڈیلر ملازم کے مطابق بے شمار اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں مگر پہلا واقعہ ہے جہاں نوجوان لڑکی جعلی نوٹ سے گاڑی خریدنے کے لیے آئی اور بہت زیادہ پر اعتماد تھی۔
پولیس نے 20 سالہ لڑکی کے گھر کی تلاشی لی تو وہاں پولیس کو پرنٹر ملا اور کچھ جعلی نوٹ بھی ملے جنہیں عام صفحات پر چھاپہ گیا تھا۔ اس دوران پولیس کو 13 ہزار پاؤنڈ کے جعلی یورو کے نوٹ ملے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ پیسوں کی جعلسازی کے معاملے میں ایک سال کی قید کی سزا ہوسکتی ہے جبکہ مجرم کے ساتھ کوئی ٹیم یا گینگ اس معاملے میں مبینہ طور ملوث ہو تو سزا 2 سال سے بڑھ سکتی ہے۔