کمشنر گوجرانوالہ نے انسداد ڈینگی کیلئے ان اور آؤٹ ڈور سرویلنس بہترکرنیکی ہدایت کردی

قبرستانوں،ٹائرفیکٹریوں ،جنک یارڈز کا سروے کر کے لاروا تلفی کیلئے اقدامات کریں موجودہ موسم ڈینگی کی افزائش کیلئے موزوں ،حکومتی ہدایت پرعملدرآمد کیاجائے :کمشنر
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کیلئے موثر اقدامات کرتے ہوئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس مزید بہتر کی جائے کیونکہ موجودہ بارشوں کا موسم ڈینگی کی افزائش کیلئے موزوں ترین ہے اس ضمن میں حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے ۔ محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن کے حکام قبرستانوں، ٹائرفیکٹریوں ،جنک یارڈز اور سرامکس و ٹائلز فیکٹریوں کا سروے کر کے لاروا تلفی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ویڈیو لنک کانفرنس برائے انسداد ڈینگی کے بعد محکمہ صحت کے افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر ،اے ڈی سی (ریونیو)ڈاکٹر شاہد حنیف ،اے سی(جی)تنویر یاسین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرحاد بٹ،ڈی ایچ او ڈاکٹر فرید،کوآرڈی نیٹر ڈینگی ڈاکٹر معیز کے علاوہ دیگر افسروں نے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی ۔ کمشنر نے وزیر صحت کو بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 8 اپریل تا 18 جولائی 2019 ء تک انڈور سرویلنس کے تحت 1051043 گھروں کو چیک کیا گیا جن میں سے 42 گھروں میں لاروا نکلا جبکہ 12520555 کنٹینرز کو چیک کیا گیا جن میں سے 425 مقامات پازیٹو نکلے اور ڈینگی کے دو کیس رپورٹ ہوئے ۔ اسی طرح آؤٹ ڈور سرویلینس کے تحت 238872 مقامات چیک کیے گئے اور 36 جگہوں سے لاروا پازیٹو نکلا، 732048 مختلف کنٹینرز چیک کیے گئے اور 32 مقامات سے لاروا پازیٹو نکلا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں